زندہ افراد کو تابوت میں ڈال کر سمگل کرنے کی کوشش

Published On 27 January,2022 06:26 pm

نیو یارک: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں اکثر ایسی دلچسپ و عجیب خبریں پڑھنے کو ملتی ہیں جو ہر ایک کو حیران کر دیتی ہیں، ایسی ایک خبر امریکا سے آئی ہے جہاں پر زندہ افراد کو تابوت میں ڈال کر سمگل کرنے کی کوشش کی گئی۔

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہری نے امریکا کے جھنڈے میں لپٹے تابوت میں دو افراد کو سمگل کرنے کی کوشش کا اعتراف کیا ہے۔

اے ایف پی نے امریکی عدالت انصاف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 33 سالہ مشتبہ شخص کو میکسیکو کی سرحد کے قریب سے پکڑا گیا۔

فیڈرل پراسیکیوٹر جینفیر لوری کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ میکسیکو کی سرحد کے قریب گاڑی میں تابوت لے جانے والے شخص کا شک کی بنا پر جائزہ لیا گیا۔ واردات کو ایسا رنگ دینے کی کوشش کی گئی جیسے جنگ میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی میتوں کو لے جایا جاتا ہے۔

بیان کے مطابق اہلکاروں کی جانب سے کیے جانے والے سوال کے جواب میں زچری بلڈ نے جواب دیا کہ وہ ’بحریہ کے ہلاک سپاہیوں کے تابوت لے کر جا رہے ہیں۔‘

امریکی محکمہ انصاف کے مطابق تابوت کی حالت کافی خراب تھی اور اس پر امریکی پرچم کو ٹیپ کے ذریعے جوڑا گیا تھا۔

سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے مزید تحقیق پر معلوم ہوا کہ تابوت میں موجود دونوں افراد زندہ تھے جو امریکا میں غیرقانونی طور پر موجود تھے، دونوں افراد نے اعتراف کیا وہ ریور گرانڈے دریا کو پار کے کے امریکا میں داخل ہوئے تھے اور ایک شخص کو ٹیکساس کے شہر سان انتیونیو لے جانے کے لیے پیسے دیے تھے۔ اس جرم کی پاداش میں زچری بلڈ کو 5 برس قید کے علاوہ دو لاکھ 50 ہزار ڈالر کا جرمانہ بھی ہو سکتا ہے۔

Advertisement