لکھنؤ:(ویب ڈیسک) بھارت میں ایک چونکا دینے والے واقعے میں ایک 17 سالہ لڑکے نے مبینہ طور پر اپنی ماں کو پب جی گیم کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کرنے پر غصے میں آکر گولی مار کر قتل کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لڑکے نے والد کے لائسنس یافتہ ریوالور سے اپنی ماں کو گولی مار دی اور لاش گھر کے ایک کمرے میں چھپا کر رکھ دی، اس نے بدبو کو روکنے کے لیے کمرے میں فریشنر کا اسپرے کیا اور اپنی 10 سالہ بہن کو دھمکی دیکر تین دن سے زیادہ گھر میں بند رکھا۔
اس دوران ملزم نے اپنے دوستوں کو پارٹیوں کے لیے بلایا اور بتایا کہ اس کی والدہ کسی رشتہ دار سے ملنے گئی ہیں۔
تاہم منگل کے روز جب بدبو پر قابو نہ پایا جا سکا تو ایک پڑوسی جو کے فوجی ہے اور مغربی بنگال میں تعینات ہے نے لڑکے کے والد کو اطلاع دی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق والد نے پولیس کو مطلع کیا جو وہاں آئی اور 40 سالہ سادھنا کی تین دن پرانی لاش منگل کی رات ایس جی پی جی آئی پولیس سٹیشن کے تحت ایلڈیکو کالونی میں واقع اس کے گھر سے ملی۔
ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ مقتولہ کے شوہر نے پولیس کو فون پر بتایا کہ 4 جون کو سادھنا کا اپنے بیٹے کے ساتھ جھگڑا ہوا، اس نے اسے PUBG کھیلنے سے روک دیا تھا اور پیسے دینے سے انکار کر دیا تھا، انکار پر ناراض ہو کر لڑکے نے اپنے والد کی بندوق نکالی اور اس کے سر میں گولی مار دی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتولہ بیٹی سے جب پولیس نے پوچھ گچھ کی تو اس نے تمام واقعات کو بیان کیا۔