بیجنگ : (ویب ڈیسک ) چین کے شمال مغربی صوبہ شان شی کے قدیمی کھنڈرات سے بدھا کے ہزاروں سال پرانے 600 سے زائد مجسمے دریافت ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بدھا کے مجسموں کے 680 سے زیادہ ٹکڑے چین کے صوبہ شان شی کے شہر ژیان میں تانگ خاندان کے دور اقتدار( 618 تا 907 ) سے تعلق رکھنے والے ایک اہم تجارتی مرکز مشرقی بازار کے کھنڈرات میں ایک گڑھے سے دریافت ہوئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ماہرین آثار قدیمہ کو مذکورہ بازار کے کھنڈرات میں راستے، نکاسی آب کے گڑھے اور گھروں کی بنیادوں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں تانگ خاندان کے ثقافتی آثار بھی ملے ہیں۔
چائنیز اکیڈمی آف سوشل سائنسز کے تحت انسٹیٹیوٹ آف آرکیالوجی کے ماہر ہان جیان ہوا کے مطابق مجسمے سرامک، مٹی اور پتھروں سے تیار کئے گئے تھے اور انکی زیادہ تعداد ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ مجسموں پر مزید تحقیق کرنے اور انہیں بہتر طریقے سے محفوظ بنانے کیلئے دوسری جگہ منتقل کردیا گیا ہے۔