البامہ: (ویب ڈیسک) امریکا میں حیرت انگیز اتفاق سامنے آیا ہے، جس میں ماں باپ کے بعد نومولود بیٹی کی تاریخ پیدائش بھی یکساں ہے،اس خاندان کی زندگی میں 18 دسمبر کی تاریخ غیرمعمولی اہمیت رکھتی ہے۔
البامہ کے شہر ہنٹس ویلی سے تعلق رکھنے والے کیسیڈی اور ڈیلن اسکاٹ نے اسی ماہ کی 18 تاریخ کو بیٹی کی صورت میں اپنی پہلی اولاد کو خوش آمدید کہا ہے جس کے بعد تینوں کی تاریخِ پیدائش یکساں ہوگئی ہے۔
ہسپتال ذرائع اور فیس بک کے مطابق 18 دسمبر کو لینن نے ہسپتال میں جنم لیا جو نہ صرف ان کی زندگی میں خوشیاں لے کر آئی ہے بلکہ 133,000 واقعات میں سے ایک مرتبہ ہی ایسا ہوتا ہے۔ اس طرح اتوارکا دن اس خاندان کے لئے ایک غیرمعمولی خوشی کا دن بھی تھا۔
ہسپتال انتظامیہ اس حیرت انگیز اتفاق پر بہت مسرور ہوئی اور والدین اور نومولود بیٹی کی تصاویر نیک خواہشات کے ساتھ پوسٹ کیں جو تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، اس کے بعد عوام نے بھی اپنےخوشی بھرے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔