ہیوسٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں سردی کی شدت جنگلی حیات کے لیے موت کا پروانہ ثابت ہونے لگی، اب تک سینکڑوں کی تعداد میں چمگادڑیں درختوں سے گر کر ہلاک ہو گئی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جنگلی حیات کے محکمہ میں کام کرنے والے افسران کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اچانک تبدیلی سے بالخصوص چمگادڑوں کو ہائپوتھرمک شاک (یکلخت سردی کا دورہ) پڑا ہے جس سے وہ فوری موت کے منہ میں چلی گئیں، شہر میں چمگادڑوں کی سب سے بڑی کالونی کی بقا کو خطرات لاحق ہیں۔
جانوروں کو سردی کی شدت سے بچانے والے عملے کی ٹیم ایک پُل پر سے گزر کر جانوروں تک پہنچنا تھا تاہم موسمی شدت کے باعث وہ وہاں نہ پہنچ پائے، پُل شدید سردی کے باعث منجمد ہو چکا ہے، اسی پل کی خاص ساختوں پر چمگادڑوں نے بھی بسیرا کر رکھا تھا جو کہ اب بے جان ہو کر نیچے گر رہی ہیں۔
ماہرین نے خیال ظاہر کیا ہے کہ یہاں موجود ہزاروں چمگادڑیں یا تو کسی دوسری جگہ چلی جائیں گی یا پھر یہیں قیام کے دوران مرتی رہیں گی، عوام سے کہتے ہیں کہ اگر ان کو زمین پر گری ہوئی کوئی چمگادڑ زندہ مل جائے تو اسے جوتے کے ڈبے میں رکھ کر ہم تک پہنچا دیں، ہم بچانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔