گمشدہ بچے کی نعش 2 دن بعد مگرمچھ کے جبڑوں سے برآمد

Published On 02 April,2023 11:00 am

فلوریڈا: (ویب ڈیسک) امریکا میں ایک گم شدہ بچے کی نعش دو دن بعد مگرمچھ کے جبڑوں سے مل گئی۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلوریڈا کے ننھے 2 سالہ بچے ٹیلن موسلے کی نعش کافی تلاش کے بعد جھیل میں مگرمچھ کے جبڑوں سے برآمد ہوئی ہے، سینٹ پیٹرزبرگ پولیس نے بتایا کہ بچے کی والدہ کو اس کے اپارٹمنٹ میں قتل کیا گیا تھا اور بچہ لاپتا ہوگیا تھا۔

پولیس چیف انتھونی ہولوے کے مطابق ٹیلن موسلے 2 دن سے لاپتا تھا، بچے کے والد 21 سالہ تھامس موسلے پر شبہ ہے کہ انھوں نے اپنی بیوی 20 سالہ پشون جیفری کو چاقو کے متعدد وار کر کے بے دردی سے قتل کیا، تھامس موسلے کے ہاتھوں اور پیروں پر کٹ کے نشان تھے جس کے لئے انھیں ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پولیس حکام نے بتایا کہ 2 سالہ بچے کو بڑی شد و مد کے ساتھ تلاش کیا جا رہا تھا اور کھوجی کتوں، غوطہ خور ٹیموں اور ڈرون کی مدد بھی لی گئی، تلاش کے لئے امبر الرٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق آخر کار گزشتہ روز اپارٹمنٹ کمپلیکس سے چند میل کے فاصلے پر ایک جھیل پر ننھے بچے کو تلاش کرنے والے افسران نے ایک مگرمچھ کو منہ میں کسی چیز کے ساتھ دیکھا تو قریب سے دیکھنے پر انہیں احساس ہوا کہ یہ ایک بچے کا جسم ہے، ایک جاسوس نے جھیل میں مگرمچھ کو گولی مار کر ہلاک کر دیا اور بچے کی نعش نکالی گئی۔

لڑکے کی موت کی وجہ کا تعین طبی معائنے سے کیا جا رہا ہے، جبکہ اس کے والد تھامس موسلے پر اس کی ماں کے قتل میں فرسٹ ڈگری قتل کے دو الزامات عائد کئے جائیں گے۔

 

Advertisement