نیو جرسی: (ویب ڈیسک) امریکا میں انسانی ہمدردی کی مثال قائم کرتے ہوئے اوبر ٹیکسی ڈرائیور نے ایک اجنبی مریض کو اپنا گردہ عطیہ کر دیا۔
سابق امریکی فوجی ٹِم لیٹس، نیوجرسی میں رہتے ہیں جہاں ایک دن انہیں 73 سالہ بِل سیموئیل کو ہسپتال پہنچانا تھا جن کے گردے فیل ہوچکے تھے، گزشتہ 20 برس کی ذیابیطس سے ان کے دونوں گردے ناکارگی کی آخری حد پر تھے۔
دوسری جانب ڈاکٹروں کو بِل سیموئیل کیلئے گردہ درکار تھا اور وقت گزرتا جا رہا تھا کیونکہ ڈائیلائسِز کا عمل بھی بہت کارگر ثابت نہیں ہو رہا تھا، تاہم ٹِم نے انہیں ہسپتال پہنچایا اور اس دوران ان سے گفتگو بھی کرتا رہا، اب ان دونوں کے درمیان بے تکلفی بڑھی اور بِل سیموئیل نے انہیں بتایا کہ وہ گردے کے عطیے کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔
اسی ایک سفر میں ٹم فیصلہ کر چکے تھے کہ وہ اس مجبور شخص کو اپنا گردہ ضرور دیں گے، اس کے بعد ٹم دوبارہ مریض بل سیموئیل کے گھر گئے اور اپنا پتہ اور رابطہ نمبر دیا اور یقین دلایا کہ وہ اپنی بات پر قائم رہے گا۔
اب اگلا مرحلہ گردے کی میچنگ کا تھا جس پر تمام فریقین پریشان تھے، اتفاق سے تمام ٹیسٹ سے ٹم کے گردے بل کے لئے انتہائی موزوں ثابت ہوئے اور امید کی کرن بن گئے۔
دسمبر 2022 کو گردے کی پیوندکاری کے ایک برس بعد ٹم نے بل سے ملاقات کی اور اس موقع پر بل سیموئیل نے ان کا بہت شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ بِل ساڑھے 3 برس سے گردے کی تلاش میں تھے۔