اتر پردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں شوہر بیوی کو کاٹنے والے سانپ کو بھی ہسپتال لے گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست اتر پردیش کے ضلع اُناؤ میں ایک خاتون کو گھر میں کام کرتے وقت سانپ نے کاٹ لیا جس کے بعد اس نے چیخیں ماریں، اس دوران اس کی حالت غیر ہونا شروع ہوگئی۔
تاہم خاتون کی چیخوں کی آواز سن کر گھر کے دیگر افراد آئے اور دیکھا کہ یہ سانپ کا حملہ ہے، اس لئے وہ فوراً خاتون کو ہسپتال لے گئے جہاں اسے ایمرجنسی میں داخل کرایا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جیسے ہی خاتون کے شوہر ناریندرا کو بیوی کے ساتھ پیش آئے واقعہ کا معلوم ہوا تو وہ اپنا کام چھوڑ کر سیدھا گھر گیا اور بیوی کو کاٹنے والے سانپ کو ڈھونڈا اور تھیلے میں پکڑ کر ہسپتال لے گیا۔
ناریندرا کی جانب سے ہسپتال میں سانپ لانے پر ڈاکٹرز حیران اور پریشان ہوگئے، جب اس شخص سے پوچھا گیا کہ تم اس خطرناک سانپ کو ہسپتال کیوں لے آئے؟ تو اس نے منفرد جواب دیا۔
رپورٹس کے مطابق ناریندرا نے ڈاکٹروں کو جواب دیا کہ میں سانپ کو ہسپتال اس لئے لے آیا تاکہ آپ اس کی نسل کا معائنہ کر سکیں اور اندازہ لگائیں کہ کس نسل کے سانپ نے میری بیوی کو کاٹا اور پھر اسی کے مطابق آپ میری بیوی کا علاج کریں۔
ڈاکٹروں کے مطابق ناریندرا کی بیوی کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور سانپ کو بھی قریب کے جنگل میں چھوڑ دیا گیا ہے۔