برمنگھم: (ویب ڈیسک) برطانیہ میں فارمیسی کے مالک نے آئے دن چوری سے تنگ آ کر نقب زنوں کو شرم دلانے کے لئے ’دیوارِ شرم‘ (وال آف شیم) بنا دی ہے جس پر سی سی ٹی وی فوٹیج سے سکرین شاٹ لے کر انہیں دکان کے بیرونی حصے پر چسپاں کیا گیا ہے۔
برمنگھم میں پاک فارمیسی کے مالک واصف فاروق نے بتایا کہ وہ آئے دن دکان پر چوری اور اٹھائی گیری سے پریشان تھے، اس کے تدارک کے لئے انہیں ایک انوکھا خیال آیا کہ کیوں نہ چوروں کو شرم دلانے کے لئے ان کی تصاویر کو ایک جگہ جمع کردیا جائے، اس کےبعد انہوں نے اپنی دکان کے عقبی راستے پر ’دیوارِ شرم‘ قائم کی ہے۔
اب لوگ اس میں دلچسپی لے رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر اس کا تذکرہ ہو رہا ہے، پاک فارمیسی کے مالک نے بتایا کہ انہیں چوروں کے نام تو نہیں معلوم لیکن ان کے حلیے کی بنا پر کچھ نام دیئے گئے ہیں، ان ناموں میں ’نیویا کریم والا آدمی‘ چور ماں بیٹا‘ اور ’مسافر چور‘ وغیرہ شامل ہیں۔
واصف فاروق نے بتایا کہ دکانوں سے چوری یہاں بہت عام ہے اور پولیس کو سی سی ٹی وی فوٹیج دینے کے باوجود کوئی حل نہیں نکل رہا تھا تو انہوں نے یہ قدم اٹھایا ہے، اس بار انہوں نے 15 سے 16 افراد کی تصاویر ایک جگہ پر لگائی ہیں تاکہ آنے والے چور اس سے سبق سیکھیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سے کچھ فرق ضرور پڑا ہے لیکن وہ چوروں کو شرمسار کرنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔