ابوجا : ( ویب ڈیسک ) نائجیریا کی ایک شیف نے 100 گھنٹے تک نان سٹاپ کھانا پکا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نائجیریا کی ایک شیف ہلڈا باکی نے 100 گھنٹے تک نان سٹاپ کھانا پکا کر 2019 میں ایک ہندوستانی شیف لتا ٹنڈن کے 87 گھنٹے اور 45 منٹ کے گینز ورلڈ ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔
باکی نے نائیجیریا کے تجارتی مرکز لاگوس میں 100 گھنٹے تک کھانا پکایا اور اس موقع پر جمع ہونے والے ہزاروں لوگوں نے اس پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تعریف کی۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ کی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ وہ شیف کے کوکنگ ریکارڈ کو توڑنے کی کوشش سے آگاہ تھے، تاہم ہمیں کسی ریکارڈ کی باضابطہ تصدیق کرنے سے پہلے تمام شواہد کا جائزہ لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔
نائیجیرین شیف کا کہنا تھا کہ وہ یہ دکھانا چاہتی ہیں کہ نائجیریا کے نوجوان کتنے محنتی اور پرعزم ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سے مجھے امید ہے کہ دنیا نائجیریا کے کھانوں کے بارے میں مزید جان لے گی۔