شمالی کمبوڈیا: (ویب ڈیسک) مگرمچھوں نے اپنے ہی 72 سالہ مالک کے ٹکڑے ٹکڑے کر کے اُسے اپنا شکار بنا لیا، جو مگرمچھ فارمرز ایسوسی ایشن کا صدر بھی تھا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق تقریباً 40 مگرمچھوں نے بزرگ شخص کو اُس وقت اپنا شکار بنایا جب وہ اُس احاطے میں چلا گیا تھا جہاں مگرمچھ موجود تھے، مذکورہ واقعہ سیم ریپ شہر کے قریب پیش آیا۔
واقعے سے متعلق پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے شخص کا نام Luan Nam ہے جو انڈے دینے والے ایک مگرمچھ کے پنجرے کے قریب پہنچا جہاں اُس نے مگرمچھ کو پنجرے سے باہر نکالنے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق جب لوان نامی شخص نے مگرمچھ کے منہ پر چھڑی ماری تو اُس نے چھڑی سمیت 72 سالہ شخص کو بھی ساتھ اپنی جانب کھینچ لیا، اسی دوران ہی دیگر مگرمچھ بھی نہتے شخص پر حملہ آور ہوگئے جب تک اس کی موت نہ ہوگئی، مقتول کے جسم پر کاٹنے کے نشانات تھے اور اس کا ایک بازو غائب تھا۔
اس سے قبل 2019 میں اسی علاقے کے ایک ایسے ہی فارم میں ایک دو سالہ بچی کو مگرمچھوں نے مار کر کھا لیا تھا تاہم جنوب مشرقی ایشیائی ممالک میں جانوروں کو ان کے انڈے اور گوشت کے لئے پالا جاتا ہے۔