لاہور: (ویب ڈیسک) شارٹ ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک کے ٹرینڈ کو فالو کرتے ہوئے خاتون نے انڈے ابالنے کی کوشش کی جو خطرناک ثابت ہوئی، خاتون کا منہ بری طرح جھلس گیا۔
خبر ایجنسی کے مطابق خاتون نے ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو دیکھی جس میں انڈے ابالنے کا جدید طریقہ دکھایا گیا تھا، خاتون نے ٹرینڈ پر عمل کرتے ہوئے ایک برتن میں ابلتے ہوئے پانی میں انڈوں کو ڈالا اور پھر اسے کچھ وقت کیلئے مائیکرو ویو میں رکھ دیا۔
خاتون کیلئے اس ٹرینڈ کو فالو کرنا نقصان دہ ثابت ہوا، کچھ دیر کے بعد خاتون نے جب مائیکرو ویو سے برتن نکال کر انڈوں کو ٹھنڈے چمچ سے ہلانا چاہا تو انڈے پھٹ گئے، گرم پانی اور انڈے خاتون کے چہرے پر گرنے سے چہرہ جھلس گیا جس کے بعد وہ ہسپتال جا پہنچی۔
واقعہ کے بعد خاتون نے صارفین سے گزارش کی ہے کہ ٹک ٹاک پر وائرل ہونے والے ٹرینڈ کو فالو کرنے سے آپ خطرے میں پڑ سکتے ہیں جبکہ برٹش میڈیکل جرنل کا بھی کہنا ہے کہ چھلکے والے انڈوں کو مائیکرو ویو میں پکانا خطرناک ہے، اس سے بچاؤ کیلئے مائیکرو ویو پر انڈے پھٹنے کے بارے میں واضح وارننگ لکھی ہونی چاہیے۔