مشیگن: (ویب ڈیسک) محض 44 گھنٹوں کے اندر امریکہ کی 48 ریاستوں کا چکر لگانے والے دو امریکی پائلٹس اپنے اس کارنامے کو گینیز ورلڈ ریکارڈ میں درج کروانے کیلئے کوشاں ہیں۔
اس مشن کیلئے ڈیلٹا اے 350 کے کپتان بیری بینفلڈٹ نے ڈیلٹا اے 321 کے کپتان آرون ولسن کو اپنا ساتھی بنایا جبکہ تھامس ٹوئیڈی کو ان فلائٹ ریپیئر ٹیکنیشین مقرر کیا گیا۔
مقصد کی تکمیل کیلئے تینوں افراد نے 6 نشستوں پر مشتمل 1982 پی اے 32 آر پائپر سیریٹوگا میں مشیگن سے سفر کا آغاز کیا، اس دوران وہ 48 ملحقہ ریاستوں کے ہوائی اڈوں پر اترتے رہے اور پھر آگے بڑھتے رہے، یہ سفر شمال مشرقی ریاست مین میں اختتام پذیر ہوا۔
3 افراد پر مشتمل اس ٹیم نے یہ سفر اپنے متعین کردہ وقت 48 گھنٹے سے بھی کم مدت یعنی 44 گھنٹے اور 7 منٹ میں کامیابی سے مکمل کر لیا، ٹیم اب اپنا یہ کارنامہ گینیز ورلڈ ریکارڈ میں درج کروانے کیلئے کوشش کر رہی ہے۔
کپتان بیری بینفلڈٹ کا اس انوکھے کارنامے سے متعلق کہنا تھا مجھے اپنے ساتھی پائلٹ کی گینیز ورلڈ ریکارڈ بنانے کی کوشش نے 48 گھنٹوں میں 48 ریاستیں گھومنے کی تحریک دی جس وجہ سے میں اس مہم کیلئے تیار ہوا۔