واٹس ایپ گروپ سے نکالے جانے پر شہری کا عدالت سے رجوع

Published On 02 July,2023 09:34 am

یوگنڈا: (ویب ڈیسک) مشرقی افریقا کے ملک یوگنڈا میں واٹس ایپ گروپ سے نکالے جانے پر ایک شہری نے مقامی عدالت سے رجوع کیا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ عدالت نے اس کے حق میں فیصلہ بھی دے دیا۔

یوگنڈا کی مکیندے چیف مجسٹریٹ کورٹس کے سینئر مجسٹریٹ گریڈ ون نے واٹس ایپ گروپ کے ایڈمنز کو متاثرہ شہری کو گروپ میں دوبارہ شامل کرنے کا حکم دیا۔

عدالتی حکم پر واٹس ایپ گروپ ایڈمنز نے نکالے گئے بیتوا بابو ہربرٹ نامی شہری کو نہ صرف اس گروپ میں دوبارہ شامل کر لیا بلکہ اسے ’BUYANJA MY ROOTS‘ نامی واٹس ایپ گروپ کا ایڈمن بھی بنا دیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ عدالتی حکم پر عمل درآمد کے بعد گروپ کے تمام ممبران لیفٹ ہوگئے اور یوں شہری اس گروپ کا واحد ممبر اور ایڈمن رہ گیا۔

رپورٹس کے مطابق تمام لوگوں نے کوئی دوسرا واٹس ایپ گروپ بنا لیا ہے اور اکیلا گروپ ایڈمن اب اس حرکت پر پھر پریشان ہے اور دوبارہ عدالتی چارہ جوئی کے بارے میں سوچ رہا ہے۔