اونٹاریو: (ویب ڈسک) کینیڈین خاتون کیلی ہارڈی کو ٹوتھ برش جمع کرنے کا شوق ہے اور اس شوق کی بدولت اب کیلی کا نام گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں آئے گا۔
مسی ساگا سے تعلق رکھنے والی کیلی ہارڈی 12 سال کی عمر سے ٹوتھ برش جمع کر رہی ہے، اس کے پاس ایک ہزار 618 برش ہیں۔
کیلی کا کہنا ہے کہ انہیں ٹوتھ برش سے بہت لگاؤ ہے اور وہ اب بھی طرح طرح کے ٹوتھ برش جمع کرتی ہیں، ان کے پاس مختلف کارٹون، تھیمز والے ٹوتھ برش بھی ہیں جن میں سٹار وارز اور سمپسن کے کردار بنے ہوئے ہیں۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے عملے کیلئے کیلی نے ایک بڑے جمنازیم کا رخ کیا، وہاں میزوں کی قطار پر اپنے ٹوتھ برش رکھے جس کے بعد عملے نے ٹوتھ برش گننے کا کام شروع کیا۔
پوری ٹیم کو کیلی کے جمع کئے جانے والے ٹوتھ برش کی تعداد گننے میں 40 منٹ لگے، ٹیم نے اپنی دستاویز مکمل کر کے کارروائی کیلئے ثبوت آگے روانہ کر دیئے ہیں تاہم اس کی تصدیق میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ ایک ہزار 320 ٹوتھ برش جمع کرنے والے روس کے گریگوری فلیشر کے پاس تھا، توقع کی جا رہی ہے کہ کیلی ہارڈی اس ریکارڈ کو توڑ دیں گی۔