لاکٹ کی تلاش، میٹل ڈی ٹیکٹر سے تلاشی کے بعد بھینس کا آپریشن

Published On 04 October,2023 02:48 pm

نئی دہلی : (ویب ڈیسک ) بھارت میں لاکٹ (منگل سوتر )گم ہوجانے پر بھینس کے پیٹ کی میٹل ڈی ٹیکٹر سے تلاشی لی گئی اورپھر اس کے پیٹ کا آپریشن بھی کردیا گیا ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹر میں خاتون نے اپنا منگل سوتر (شادی کے موقع پر پہنائے جانے والا لاکٹ) نہانے سے پہلے  برتن میں رکھا، بعدازاں وہ گھر کے کام کاج میں مصروف ہو گئی۔

خاتون کو کچھ دیر بعد خیال آیا تو اسے اپنا لاکٹ نہیں ملا جس کے بعد اسے شک ہوا کہ لاکٹ بھینس کھا گئی ہے جس کے بعد اس نے اپنے شوہر کو بلایا،  جانوروں کے ڈاکٹر کو بلا کر میٹل ڈی ٹیکٹر سے بھینس کے پیٹ کی تلاشی لی گئی تو پتہ چلا کہ واقعی بھینس نے لاکٹ کھا لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق  اگلے ہی دن بھینس کا 2 گھنٹے طویل آپریشن کر کے لاکٹ کو نکال لیا گیا، آپریشن کے نتیجے میں بھینس کو 60 سے 65 ٹانکے لگے۔

مقامی اہلکار نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ میٹل ڈی ٹیکٹر سے پتہ چلا تھا کہ بھینس کے پیٹ میں کوئی دھاتی شے ہے۔

  بھارتی میڈیا کے مطابق لاکٹ کی مالیت ڈیڑھ لاکھ (بھارتی ) روپے بتائی گئی  ہے۔