زیادہ مزدوری مانگنے پر شہری نے پلمبر کو یرغمال بنا لیا

Published On 14 November,2023 08:38 am

مالاگا: (ویب ڈیسک) اگر کسی کو مزدور کی جانب سے طلب کی گئی مزدوری زیادہ لگتی ہے تو وہ مزدور تبدیل کر لیتا ہے لیکن ایک شہری نے تو پلمبر کے ساتھ حیران کن برتاؤ کیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اپنی نوعیت کا یہ منفرد واقعہ سپین کے شہر مالاگا کا ہے جہاں ایک شخص نے پائپ ٹھیک کرنے کیلئے پلمبر کو گھر بلایا لیکن جب اس نے کام کی نوعیت دیکھنے کے بعد اپنا معاوضہ بتایا تو وہ اس شخص نے اس نے بات چیت کے بجائے پلمبر پر ڈاکے کا الزام عائد کر کے گن پوائنٹ پر یرغمال بنا لیا۔

رپورٹ کے مطابق نامعلوم پلمبر کو ایک شہری کی طرف سے کال موصول ہوئی جس میں اسے گھر میں پانی کے ٹوٹے پائپ کی مرمت کیلئے بلایا گیا، جب پلمبر نے مذکور مقام پر پہنچ کر اور کام دیکھ کر مزدوری بتائی تو مذکورہ شخص آپے سے باہر ہوگیا اور اس نے گھر کے اندر سے گن لا کر اس پر تان لی اور قتل کی دھمکی دیتے ہوئے اسے یرغمال بنا لیا۔

حملہ آور کے پڑوسیوں نے اپارٹمنٹ سے اونچی آوازیں سننے کے بعد پولیس کو اطلاع دی۔

جب پولیس افسران جائے وقوعہ پہنچے اور شہری سے یرغمالی کو آزاد کرنے کا مطالبہ کیا تو شہری نے انکار کر دیا اور دھمکی دی کہ اگر کوئی اس کے قریب بھی آیا تو وہ پاس رکھے سلنڈر کو دھماکے سے اڑا دے گا۔

تاہم پولیس نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آور کو غیرمسلح کر کے اسے فوری طور پر گرفتار کر لیا۔

پولیس نے تحقیق کے بعد شہری کو قصور وار قرار دیا اور کہا کہ ملزم کیخلاف مضبوط شواہد ہیں جس کی بنیاد پر اسے طویل مدتی قید کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔