محبوبہ کو غلطی سے ٹکر مارنے پر عاشق نے اپنی کار کو آگ لگا دی

Published On 18 December,2023 11:33 am

انقرہ: (ویب ڈیسک) محبوبہ کو غلطی سے ٹکر مارنے پر عاشق نے اپنی کار اور ورکشاپ کو آگ لگا دی۔

عرب میڈیا کے مطابق ترکیہ میں ہونے والے ایک انوکھے واقعے میں عاشق نے کار سے اپنی ہی محبوبہ کو غلطی سے ٹکر مار دی اور ادراک ہونے پر ورکشاپ میں مرمت کیلئے کھڑی اپنی کار کو آگ لگا دی جس سے پورا ورکشاپ ہی جل گیا۔

غصے میں بھرا شخص اپنی مرمت کیلئے آئی ہوئی کار کو دیکھنے پہنچا، پہلے کار کو لاتیں ماریں، اس پر بھی غصہ ٹھنڈا نہ ہوا تو کار کو آگ لگا دی، کار میں لگی آگ نے ورکشاپ میں کھڑی دیگر کاروں کو بھی لپیٹ میں لے لیا اور متعدد گاڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں جبکہ ورکشاپ کو بھی نقصان پہنچا۔

ورکشاپ کے مالک نے میڈیا کو بتایا کہ مذکورہ شخص چند روز قبل آیا تھا اور اپنی کار مرمت کیلئے دے گیا تھا، اس شخص کی کار ایک ایکسیڈنٹ میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی تھی، آج جب ورکشاپ پر آیا تو شدید غصے میں تھا اور بتایا کہ اس نے کار سے ٹکر کسی اور کو نہیں بلکہ اپنی محبوبہ کی گاڑی کو ماری تھی جس کی وجہ سے محبوبہ ہسپتال میں داخل ہے۔

ورکشاپ مالک کے مطابق یہ بتا کر وہ شخص غصے میں چلانے لگا اور کار کو سزا کے طور پر آگ لگا دی۔

اپنی کار سے انتقام لینے کا یہ طریقہ عاشق کو 2 ملین ترک لیرا میں پڑا کیوں کہ بقول ورکشاپ مالک اس کا ہونے والے نقصان 69 ہزار ڈالر ہے، پولیس نے اس شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔