مشی گن: (ویب ڈیسک) امریکا میں ایک شخص نے اپنی سالگرہ سے چند دن قبل ایک لاکھ ڈالرز کی لاٹری جیت لی۔
امریکی ریاست مشی گن کے شہر اسٹرلنگ ہائیٹس سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ سافا بیہنم نے مشی گن لاٹری انتظامیہ کو بتایا کہ وہ اپنے انعام نہ جیتنے والے لاٹری کے ٹکٹوں کو مشی گن لاٹری ایپ میں ہمیشہ سکین کرتے ہیں تاکہ ان کے پاس جیتنے کا دوسرا موقع باقی رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ 500 ایکس منی میکر گیم اس امید پر کھیلتے ہیں کہ وہ 60 لاکھ ڈالرز کے انعامات میں سے کوئی ایک جیت سکیں اور بعد میں وہ ٹکٹ جس پر انعام نہیں نکلتا ان کو سکین کر لیتے ہیں۔
متواتر کوششوں کے بعد سافا بیہنم بالآخر 30 نومبر کو ہونے والی ایک قرعہ اندازی میں ایک لاکھ ڈالرز کا انعام جیتنے میں کامیاب ہوئے۔
سافا بیہنم نے بتایا کہ انہیں ایک ای میل موصول ہوئی جس میں لکھا تھا کہ وہ ایک لاکھ ڈالرز جیت گئے ہیں لیکن انہیں لگا کہ یہ ان کے ساتھ دھوکا کیا جا رہا ہے، جب لاٹری آفس کو کال کی تو معلوم ہوا کہ انعام حقیقت میں نکلا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی سالگرہ چند ہی دنوں میں ہے اس لئے سالگرہ سے پہلے یہ بہترین تحفہ ہے۔