وسکونسن: (ویب ڈیسک) کھانا جینے کیلئے ہوتا ہے لیکن ایک امریکی شہری نے کھانے کا مطلب عالمی ریکارڈ بنانا لے لیا۔
70 سالہ امریکی شہری نہ صرف 32 ہزار سے زائد برگر کھا کر گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرا چکا ہے بلکہ روز برگر کھانے کے اس ریکارڈ کو مزید بہتر سے بہتر بھی بنا رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بوڑھے شخص نے 1972 سے روزانہ ایک معروف کمپنی کا برگر کھا کر سب سے زیادہ برگر کھانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا اور اس ریکارڈ کو اس حوالے سے معتبر ’گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ‘ میں بھی درج کر لیا گیا ہے تاہم اسے یہ ریکارڈ بنانے میں لگ بھگ نصف صدی کا عرصہ لگا۔
ڈان گورسکی نامی یہ بوڑھا امریکی ریاست وسکونسن کا رہائشی ہے جس نے پہلی بار 17 مئی 1972 کو معروف کمپنی کا ایک برگر کھایا اور پھر یہ چسکا منہ کو ایسا لگا کہ اس نے روزانہ ایک برگر کھانا اپنا معمول بنا لیا۔
امریکی شہری ڈان گورسکی نے سب سے زیادہ برگر کھانے کا عالمی ریکارڈ 2018 میں اس وقت قائم کیا تھا جب انہوں نے اپنا 30 ہزار واں برگر کھایا تھا اور 2021 تک وہ 32 ہزار سے زائد برگر اپنے معدے میں اتار چکے تھے اور یہ ایک سال قبل جنوری 2023 میں 33 ہزار سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔
ڈان نے یہ ریکارڈ بنا کر 1999 میں قائم ہونے والے 15490 بگ میک برگر کھانے کا ریکارڈ توڑا تھا۔
انہوں نے ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے کے حوالے سے کہا کہ جب 1970 میں پہلی ’گنیز بُک آف دی ورلڈ ریکارڈ‘ کی کاپی خریدی تو دل میں خیال آیا کہ ایک ریکارڈ ایسا ہے جو میں بھی بنا سکتا ہوں اور وہ روزانہ ایک ہیم برگر کھانے کا تھا جس پر میں نے عمل شروع کیا جو آج پچاس سال بعد بھی جاری ہے، اس دوران ایک دن میں کم از کم ایک برگر ضرور کھایا ہے۔
تاہم ڈان گورسکی کی 50 سال تک ایک ہی کھانا کھانے کے بعد بھی ہمت نہیں ٹوٹی بلکہ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنا آخری برگر بستر مرگ پر مرنے سے پہلے کھائیں گے۔