کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین کے ایک طاقتور شخص نے اپنے داڑھی، گردن اور دانتوں کا زور لگا کر تین گینز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لئے۔
گینیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق ڈمیٹرو ہرونسکی نے یہ تینوں ریکارڈ ایک ہی دن بنائے اور اس کی شروعات بھاری گاڑی کو داڑھی سے کھینچ کر کی۔
ڈمیٹرو اس سے قبل 2019 اس ریکارڈ کی کوشش کر چکے ہیں لیکن تب وہ اس کوشش میں ناکام ہوگئے تھے، داڑھی سے گاڑی کھینچتے وقت ٹھوڑی سے بال اکھڑ گئے تھے۔
ڈمیٹرو ہرونسکی کا کہنا تھا کہ انہوں نے دوسری کوشش کیلئے دوبارہ داڑھی بڑھائی اور مضبوطی میں اضافے کیلئے چٹیا بنانے کی مختلف تکنیکیں آزمائیں، اس بار انہوں نے کامیابی کے ساتھ داڑھی سے 2580 کلو گرام وزنی بس کھینچ کر ریکارڈ قائم کیا، اس سے قبل یہ ریکارڈ 1951 کلو گرام وزن کھینچ کر بنایا گیا تھا۔
ڈمیٹرو نے دوسرا ریکارڈ گردن سے 7760 کلو گرام وزنی ریل گاڑی کھینچ کر بنایا جبکہ تیسرا ریکارڈ دانتوں سے سات گاڑیاں کھینچ کر اپنے نام کیا۔