معمر شہری نے 4ماہ سمندر کی تہہ میں رہنے کا عالمی ریکارڈ بنا لیا

Published On 25 January,2025 08:48 pm

پاناما:(ویب ڈیسک) جرمنی کے ایرو سپیس انجینئر 59 سالہ روڈیگر کوچ نے چار ماہ پانی کے اندر رہنے کا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔

عالمی میڈیا کے مطابق روڈیگر کوچ نے پاناما کے ساحل پر سمندر کے نیچے اپنے 320 سکوائر فٹ کے خصوصی کیپسول میں 120 دن گزارے ہیں۔

روڈیگر کوچ کے کیپسول میں تمام ضروری اشیاء موجود تھیں، جن میں بستر، بیت الخلا، ٹی وی، کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور حتیٰ کہ ایک ایکسرسائز بائیک بھی شامل تھی، اس دوران کیپسول میں ان کی ذہنی صحت کی نگرانی کے لیے چار کیمروں نے ان کی روزمرہ کی سرگرمیوں کی ریکارڈنگ کی۔

اس کے علاوہ ایک سیڑھی کی مدد سے کھانے پینے کی اشیاء فراہم کی جاتی تھیں اور آنے والوں کے لیے کیپسول تک رسائی ممکن بنائی جاتی تھی۔

گنیز ورلڈ ریکارڈ کی جج سوزانا رئیس نے تصدیق کی ہے کہ روڈیگر کوچ نے امریکی شہری جوزف ڈٹوری کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جبکہ روڈیگر کوچ کا ماننا ہے کہ یہ ریکارڈ قائم کرنے کا مقصد یہ ثابت کرنا ہے کہ سمندر بھی انسانی آبادیوں کے لیے بہترین ثابت ہو سکتے ہیں۔

خیال رہے کیپسول کو پانی کی سطح سے اوپر والے چیمبر سے جوڑا گیا تھا تاکہ وہ باہر کی دنیا سے رابطے میں رہ سکیں، بجلی کی فراہمی کے لیے سطح پر شمسی پینل اور بیک اپ جنریٹر بھی نصب کیے گئے تھے۔

علاوہ ازیں روڈیگر کوچ نے اس تجربے کے بارے میں کہا کہ ان کا یہ اقدام انسانی زندگی کے حوالے سے ہماری سوچ میں انقلاب لا سکتا ہے، انسانوں کے لیے سمندر میں رہنا ایک حقیقت بن سکتا ہے، سمندر میں مستقل آبادکاری کے لیے ماحول بالکل قابل عمل ہو سکتا ہے۔