بیجنگ:(دنیا نیوز) چین میں ایک خاتون نے صحرا میں سیاحت کے دوران پانی کی کمی کے شکار اونٹ کو ابتدائی طبی امداد دے کر اس کی زندگی بچالی۔
شمالی چین میں اندرونی منگولیا کا صحرائے Alxa صنوبر کے جنگلات اور صحرائی جھیلوں کے لیے مشہور ہے اور ہر سال وہاں مہم جوئی کے شوقین متعدد سیاح آتے ہیں،28 اپریل کو سیاحوں کا ایک گروپ اس صحرا میں ٹریکنگ کر رہا تھا جب وہ ریت میں گرے ایک کم عمر اونٹ کے پاس پہنچا۔
اونٹوں کی یہ نسل منگولیا اور وسطی ایشیا میں پائی جاتی ہے اور ایک بالغ اونٹ پانی کے بغیر ایک ماہ تک زندہ رہ سکتا ہے، مگر صحرا میں ملنے والے اونٹ کے بارے میں ایک سیاح نے اندازہ لگایا کہ اس کی عمر صرف 3 سال ہے۔
اس گروپ کی سربراہی کرنے والی 30 سالہ Haier نے فوری طور پر اونٹ کا جائزہ لیا اور انہیں علم ہوا کہ وہ پانی کی کمی کے باعث گرا ہوا ہے،خاتون نے متعدد بوتلوں کا پانی اونٹ کے منہ میں ڈالا اور اسے نگلنے میں مدد کی،اس کے بعد انہوں نے احتیاط سے اونٹ کی اکڑ جانے والی ٹانگوں کو سیدھا کیا اور اسے کھڑا ہونے میں مدد کی۔
سیاحوں نے بتایا کہ خاتون کا جسمانی وزن محض 40 کلوگرام ہے تو انہوں نے اونٹ کی مدد کرنے کے لیے حیران کن مضبوطی کا مظاہرہ کیا۔
اس اونٹ میں ایک نمبر کندہ ہوا تھا جس سے معلوم ہوا کہ وہ ایک مقامی چرواہے کی ملکیت ہے جو دیگر اونٹوں سے بچھڑ کر صحرا میں گم ہوگیا اور کئی ماہ تک وہاں بھٹکتا رہا،اس نمبر کے ذریعے سیاحوں نے اونٹ کے مالک کا پتا لگایا اور اسے واپس گھر تک پہنچایا،اب اس اونٹ کی حالت بہتر ہے اور وہ معمول کے مطابق چلنے اور کھانے کے قابل ہوگیا ہے۔