آفس کے قریب بس نہ روکنے پر خاتون نے ڈرائیور کی پٹائی کر دی

Published On 15 June,2025 10:52 am

بنگلورو: (ویب ڈیسک) بھارت میں مسافر خاتون نے بس آفس کے قریب نہ روکنے پر ڈرائیور پر چپلوں کی بارش کر دی۔

ٹائمز ناؤ کی رپورٹ کے مطابق بنگلورو میں کاویا نامی خاتون بس میں سفر کرتے ہوئے آفس جا رہی تھیں اور انہوں نے ڈرائیور کو آفس کے قریب ہی بس روکنے کا کہا جس پر ڈرائیور ان کی بات نہ سن پایا۔

اس وجہ سے کاویا غصے میں آگئی اور چپل اتار کر ڈرائیور کو مارنا شروع کر دیا۔

بس ڈرائیور اطہر حسین نے خاتون کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی اور مؤقف اختیار کیا کہ خاتون سٹاپ سے آگے بس روکنے کا تقاضہ کر رہی تھیں جو میں نہیں کر سکتا تھا میرا یہ اقدام ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا۔

ڈرائیور کے مطابق جب خاتون کو بس میں سی سی ٹی وی سے متعلق بتایا تو وہ مزید غصے میں آگئیں اور مجھے چپل سے مارنا شروع کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق ڈرائیور کی درخواست کے بعد خاتون کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔