432 روبوٹس کی مدد سے تاریخی عمارت دوسری جگہ منتقل

432 روبوٹس کی مدد سے تاریخی عمارت دوسری جگہ منتقل

شنگھائی کے جینگان ضلع میں ہوان لی کمپلیکس کو حجم اور پیچیدگی دونوں لحاظ سے چین کا اپنی نوعیت کا سب سے بڑا نقل مکانی منصوبہ قرار دیا گیا ہے، اس واقعہ کو انٹرنیشنل میڈیا نے انجینئرنگ مہارت کا انوکھا کارنامہ قرار دیا ہے۔

حکام نے 432 ہائیڈرولک طاقت والے روبوٹس کی مدد سے 10 میٹر فی دن کی رفتار سے ایک روایتی شیکومین طرز کی عمارت کے احاطے کو منتقل کردیا۔

عمارت کے کمپلیکس کی سخت ترتیب 1920 اور 1930 کی دہائی کی ہے، اس عمارت نے روایتی تعمیرات اور نقل مکانی کے آلات کو عملی طور پر ناقابل استعمال بنا دیا تھا لیکن حکام کو 3 منزلہ زیر زمین ڈھانچے کی تعمیر کے لیے پورے بلاک کو کئی سو میٹر منتقل کرنے کا راستہ تلاش کرنے کی ضرورت تھی۔

اس منصوبے کے لیے ہر قسم کی جدید ٹیکنالوجی کی ضرورت تھی جس نے انچارج ٹیم کو 7,500 میٹرک ٹن، 13,222 مربع فٹ عمارت کے کمپلیکس کو عارضی طور پر منتقل کرنے کےقابل بنایا، سٹی بلاک کی نقل مکانی کے عمل کو شروع کرنے سے پہلے انجینئرز نے تفصیلی 3D بلیو پرنٹس بنانے کے لیے بلڈنگ انفارمیشن ماڈلنگ اور پوائنٹ کلاؤڈ اسکیننگ ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا۔

اس کے بعد انہوں نے ممکنہ تصادم کے مقامات اور کسی بھی اہم ساختی مسائل کی نشاندہی کرنے کے لیے تجزیہ کیا، اے آئی ماڈیولز نے زمین پر چلنے والے خصوصی روبوٹس کی مدد کی جو 1.2 میٹر سے کم چوڑائی والی جگہوں پر کام کر سکتے ہیں تاکہ ناقابل تلافی نقصان سے بچنے کے لیے مٹی اور ٹھوس رکاوٹوں کے درمیان فرق کر سکیں اور ڈرلنگ روبوٹس کو ژانگ یوان کی تنگ گلیوں اور راہداریوں میں سے لے جا سکیں۔