بیجنگ : (ویب ڈیسک) چین کی ایک معروف یونیورسٹی نے ایک نوکری کا اشتہار جاری کیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا کر دیا ہے اور اعلیٰ تعلیم اور عملی زندگی کے درمیان تعلق پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
نانجنگ کی ساؤتھ ایسٹ یونیورسٹی نے اپنی کینٹین کے انتظامی امور کے لیے ایک مینیجر کی آسامی کا اشتہار دیا لیکن شرط یہ رکھی کہ امیدوار کے پاس پی ایچ ڈی کی ڈگری ہو۔
اس عہدے میں کچن کے کھانے کی تیاری کی نگرانی، کینٹین ٹھیکیداروں کی نگرانی، انتظامی امور، اور خوراک کی حفاظت کو یقینی بنانا شامل ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس نوکری کے لیے امیدوار کا انگریزی زبان میں مہارت رکھنا، آفس سافٹ ویئرز پر عبور ہونا اور چینی کمیونسٹ پارٹی کی رکنیت کو اضافی خوبی تصور کیا گیا ہے جبکہ سالانہ تنخواہ تقریباً 1 لاکھ 80 ہزار یوآن ہوگی۔
اس اشتہار پر چینی عوام نے سوشل میڈیا پر سخت تنقید کی ہے اور سوال اٹھایا ہے کہ ایک انتظامی نوعیت کے کام کے لیے پی ایچ ڈی کی ضرورت کیوں ہے؟
اس پر یونیورسٹی کے ایک نمائندے نے وضاحت دی کہ آسامی میں کھانا پکانے کی کوئی شرط شامل نہیں بلکہ ترجیح ان امیدواروں کو دی جائے گی جن کا تعلیمی پس منظر فوڈ سائنس، غذائیت یا کلنری آرٹس سے متعلق ہو اور اگر ممکن ہو تو ان کے پاس متعلقہ اسناد بھی ہوں۔