نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکہ میں ایک خوش قسمت جوڑے کی شادی کی 25 ویں سالگرہ کے موقع پر 20 لاکھ ڈالر کی لاٹری نکل آئی۔
مشی گن لاٹری حکام کے مطابق خاتون اور اس کے شوہر نے اپنی شادی کی سالگرہ کے موقع پر روایتی طور پر کھیلنے والے ڈائمنڈ اینڈ گولڈ سکریچ ٹکٹ خریدے، دونوں اکثر ایک ساتھ ٹکٹ کھیلتے تھے، اس بار بھی دونوں نے جشن کے دن ایک ساتھ سکریچ کیا اور شوہر نے 20 لاکھ ڈالر یعنی ساڑھے 56 کروڑ روپے کا سب سے بڑا انعام جیت لیا، مگر انہیں شروع میں یقین ہی نہ آیا۔
اس کے بعد میاں بیوی نے ٹکٹ کو ایک سٹور پر سکین کرایا تاکہ تصدیق کر سکیں، مگر پھر بھی یقین نہ آیا، آخر کار ایک دوست کی مدد سے انہوں نے لاٹری کی ایپ پر ٹکٹ سکین کیا اور تب جا کر انہیں یقین ہوا کہ وہ 20 لاکھ ڈالر جیتنے والے خوش نصیب ہیں۔
خاتون نے بتایا کہ ہم اس وقت خوشی اور حیرت سے کپکپا رہے تھے، یہ ہماری شادی کی سالگرہ پر سب سے بڑا تحفہ تھا، ہمیں ابھی بھی یقین نہیں آ رہا کہ ایسا خوش نصیب موقع ہماری زندگی میں آیا۔