بنگلور : (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست کرناٹک میں شادی کے منڈپ پر دلہن نے منگل سوتر پہننے سے چند لمحے پہلے دولہا کو انکار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کسی اور سے پیار کرتی ہے اور اس کے ساتھ رہنا نہیں چاہتی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پوسٹ گریجویٹ تعلیم یافتہ لڑکی پلوی کی شادی سرکاری سکول کے استاد وینو گوپال سے طے ہوئی تھی، شادی کی رسومات اپنے آخری مرحلے میں پہنچ چکی تھیں، صرف منگل سوتر پہنانا باقی تھا جب پلوی کو ایک فون آیا اور اس نے شادی سے انکار کر دیا۔
پلوی نے اپنے خاندان کو اطلاع دی کہ وہ کسی اور کو پسند کرتی ہے اور وینوگوپال سے شادی نہیں کرنا چاہتی، اسی دوران رشتے داروں اور مقامی پولیس کی مداخلت کے باوجود پلوی اپنے فیصلے پر قائم رہی۔
بالآخر دولہا نے ہی پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ وہ کسی ایسی لڑکی سے شادی نہیں کرنا چاہتا جو اس رشتے پر رضامند نہ ہو، اس موقع پر پلوی کا محبوب گاڑی میں آیا اور اسے لے کر چلا گیا۔
اس حوالے سے پلوی نے کسی کو پہلے نہیں بتایا تھا کیونکہ جس لڑکے سے وہ محبت کرتی ہے وہ مختلف ذات سے تعلق رکھتا ہے۔
وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تبصرے کیے جارہے ہیں، ایک صارف نے لکھا کہ اس نے اب تک انتظار کیوں کیا تھا، دوسرے صارف کا کہنا تھا کہ اس سب کے ذمہ دار دلہن کے والدین ہیں انہیں سزا دینی چاہیے، تیسرے صارف نے لکھا کہ ماں باپ کی عزت اور پیسہ برباد کرنے کا کیا فائدہ ہوا، پہلے انکار نہیں کرسکتی تھی۔
سوشل میڈیا پر اکثر صارفین دلہن پلوی پر تنقید کر رہے ہیں کہ اس نے باراتیوں اور دولہا کو بے عزت کیا، انکار کرنا تھا تو پہلے کر دیتی، اتنا تماشا نہ لگاتی۔