ایک ہی وقت میں دو لڑکیوں سے نکاح، چترال میں انوکھا ریکارڈ قائم

Published On 28 May,2025 11:54 pm

پشاور: (دنیا نیوز) چترال کی وادی تورکہو سے تعلق رکھنے والے نوجوان سرتاج احمد نے ایک ہی وقت میں دو لڑکیوں سے نکاح کر کے علاقے میں حیرت انگیز صورت حال پیدا کر دی۔

انوکھا واقعہ اپر چترال کے گاؤں سور ریچ میں پیش آیا جہاں سرتاج احمد جو ایک سرکاری ادارے میں ملازم ہے، چھٹیوں پر گھر آیا ہوا تھا۔

اطلاعات کے مطابق سرتاج احمد کا پہلے سے اپنے گاؤں کی ایک لڑکی سے رابطہ تھا اور وہ اسے اپنی مرضی سے شادی کے لیے گھر لے آیا۔

صورتحال اس وقت دلچسپ موڑ اختیار کر گئی جب ایک اور لڑکی بھی اسی روز شادی کی خواہش لیے سرتاج احمد کے گھر پہنچ گئی، دونوں لڑکیاں نوجوان سے نکاح کرنے پر بضد تھیں اور گھر سے واپس جانے کو تیار نہیں تھیں۔

ایسے میں مقامی عالمی دین مولانا فیض الرحمان نے علاقے کے معززین اور عمائدین سے مشاورت کے بعد جوان سے دونوں لڑکیوں کا نکاح پڑھوا دیا۔

دونوں لڑکیوں کی رضامندی کے بعد 9، 9 لاکھ روپے حق مہر طے کیا گیا اور سرتاج احمد کا بیک وقت دونوں لڑکیوں سے نکاح پڑھا دیا گیا۔

یہ انوکھا واقعہ پورے علاقے میں موضوعِ بحث بنا ہوا ہے اور یوں سرتاج احمد نے چترال میں ایک ہی وقت میں دو شادیاں کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کر لیا۔