شادی میں گینڈے کی انٹری سے لوگ حیران، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Published On 28 May,2025 03:00 pm

کھٹمنڈو: (ویب ڈیسک) جنگلی جانوروں کو عام طور پر قدرتی پارکوں یا دستاویزی فلموں میں دیکھا جاتا ہے، لیکن ایک شادی کی تقریب میں گینڈے کی انٹری نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

نیپال کے چتوان نیشنل پارک کے قریب ہونے والی شادی کی تقریب میں جنگلی گینڈے کی اچانک آمد نے سب کو حیران کر دیا اور یہ لمحہ سوشل میڈیا پر تہلکہ مچا رہا ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک گینڈا انتہائی اطمینان سے شادی کے پنڈال میں داخل ہوتا ہے، جیسے وہ بھی دعوت نامہ لے کر آیا ہو، مہمان حیران و پریشان ہو کر پیچھے ہٹتے ہیں، لیکن گینڈا بغیر کسی ہنگامے کے پنڈال میں آگے بڑھتا ہے۔

ویڈیو میں گینڈا شادی کے خوش آمدید بورڈ کے نیچے سے گزرتا ہے، جیسے واقعی کسی نے اسے مدعو کیا ہو، اسی واقعے کو Only in Nepal یعنی یہ صرف نیپال میں ہو سکتا ہے قرار دیا گیا۔

سوشل میڈیا وائرل ہونے والی ویڈیو پر صارفین کا کہنا ہے کہ نیپال میں شادی ہو اور چتوان قریب ہو تو کچھ بھی ہو سکتا ہے، ایک اور صارف نے کہا کہ یہ ہوئی نا بات وائلڈیسٹ ویڈنگ ایور، یہ گینڈا یقیناً دعوت کھانے آیا ہوگا۔