امریکا میں ٹرک الٹنے سے 25 کروڑ شہد کی مکھیاں آزاد ہوگئیں

Published On 31 May,2025 06:59 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست واشنگٹن میں ایک ٹرک کے الٹنے کے بعد تقریباً ڈھائی سو ملین شہد کی مکھیاں آزاد ہو گئیں۔

واقعہ کے بعد حکام نے شہریوں کو متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ حادثہ کینیڈا کی سرحد کے قریب پیش آیا، جہاں ٹرک میں تقریباً 31 ہزار کلوگرام وزنی شہد کی مکھیوں کے چھتے موجود تھے۔

حادثے کے بعد ایمرجنسی حکام نے ماہر مکھی پال حضرات کی مدد حاصل کی تاکہ زیادہ سے زیادہ مکھیوں کو بچایا جا سکے۔

مقامی شیرف آفس کے مطابق متاثرہ مقام کو اس وقت تک بند رکھا جائے گا جب تک امدادی کارروائیاں مکمل نہیں ہو جاتیں۔

ایمرجنسی حکام کے مطابق مکھیاں اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں دوبارہ اپنے چھتوں کی طرف لوٹ سکتی ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری ایک تازہ پیغام میں پولیس نے 20 سے زائد مکھی پال حضرات کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے فوری طور پر ریسکیو میں مدد فراہم کی۔

پولیس کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بڑی تعداد میں مکھیاں الٹے ہوئے ٹرک کے اردگرد منڈلا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ شہد کی مکھیاں نہ صرف شہد کی پیداوار کے لیے رکھی جاتی ہیں بلکہ انہیں کھیتوں میں زرعی فصلوں کی پولی نیشن کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔