بہار: (ویب ڈیسک) بھارت میں شادی کی تقریب میں بلایا گیا ڈانسر گروپ دلہے کو اغوا کر کے فرار ہوگیا۔
انڈین میڈیا کے مطابق واقعہ بھارت کی ریاست بہار کے علاقے گوپال گنج گاؤں میں جمعے کی رات روایتی پرفارمنس کے دوران پیش آیا، پرفارمنس ختم کرنے پر تنازع کھڑا ہوگیا۔
دولہا سونو کمار شرما رسومات مکمل کرنے کے بعد دیگر سرگرمیوں میں مصروف تھا، اس دوران مہمانوں نے اصرار کیا کہ ڈانسر اپنی پرفارمنس جاری رکھیں جبکہ گروپ مقررہ وقت پر رخصت ہونا چاہتا تھا، اس پر مہمانوں اور ڈانسر گروپ کے درمیان پہلے تلخ کلامی اور پھر ہاتھا پائی ہوئی جس سے مسکان نامی رقاصہ زخمی ہوگئیں جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔
بعدازاں مسکان اپنے گروپ کے لوگوں کے ساتھ شادی کی تقریب میں واپس آئیں اور جھگڑے کرنے والے مہمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ دلہے کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئی۔
پولیس نے معاملے کا علم ہونے پر دلہے کی تلاش شروع کی اور تقریباً 9 گھنٹے بعد ضلع سیوان سے بازیاب کرایا، پولیس ڈانسر گروپ کی تلاش میں ہے تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
گوپال گنج کے ایس پی نے بتایا کہ دلہے کے اغوا کے بارے میں اطلاع ملنے پر پولیس نے فوری کارروائی کی اور اسے بازیاب کرایا۔