لوڈشیڈنگ: بھارت میں ایک خاندان نے اے ٹی ایم بوتھ میں پناہ لے لی

Published On 23 May,2025 11:09 am

جھانسی : (ویب ڈیسک) بجلی کی شدید بندش کے باعث بھارت کا ایک خاندان اے ٹی ایم بوتھ میں پناہ لینے پر مجبور ہوگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

اترپردیش کے شہر جھانسی میں بجلی کی طویل بندش اور شدید گرمی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی، ایسی ہی تکلیف دہ صورتحال میں ایک خاندان نے بجلی اور ٹھنڈک کی تلاش میں ایک اے ٹی ایم بوتھ میں پناہ لے لی۔

سابق وزیراعلیٰ اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بھی ویڈیو پر ردعمل دیا اور یوپی کی بجلی تقسیم کار کمپنی پر طنز کے تیر برسائے۔

انہوں نے ویڈیو کو ایکس (سابق ٹوئٹر) پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بجلی کٹوتی کے مارے اے ٹی ایم بوتھ جا پہنچے بیچارے۔

ویڈیو میں نظر آنے والی ایک خاتون نے میڈیا کو بتایا کہ ان کے علاقے میں گزشتہ ایک ماہ سے بجلی کی طویل بندش جاری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ گھر میں اتنی گرمی ہے کہ برداشت سے باہر ہو چکی ہے، ہمارا پورا خاندان اس اے ٹی ایم بوتھ میں آ گیا کیونکہ یہاں اے سی ہے اور بجلی بھی مستقل ہے، ابھی تک کسی نے ہمیں روکا نہیں، لیکن اگر روکا گیا تو ہم سڑک پر سونے پر مجبور ہوں گے۔

جھانسی کے کئی علاقے شدید بجلی بحران کا شکار ہیں، شہری نہ صرف گرمی سے پریشان ہیں بلکہ وہ احتجاج، بھوک ہڑتال اور سڑکوں کی بندش جیسے سخت اقدامات بھی کر رہے ہیں۔