چلتی بائیک پر بیوی کے ہاتھوں شوہر کی چپل سے دھلائی کی ویڈیو وائرل

Published On 22 May,2025 11:48 am

لکھنؤ: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر ایک حیران کن اور مزاحیہ ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں ایک خاتون کو اپنی چلتی بائیک پر سوار شوہر کو چپلوں سے دھوتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ بھارتی ریاست اُترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں پیش آیا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شوہر بائیک چلا رہا ہے جبکہ بیوی اس کے پیچھے بیٹھی ہوئی ہے، اچانک خاتون غصے سے بھر جاتی ہے اور شوہر کو چپل سے مارنا شروع کر دیتی ہے، پہلے دائیں طرف، پھر بائیں اور ساتھ ساتھ کچھ اشارے بھی کرتی ہے جیسے کسی چیز کی طرف توجہ دلا رہی ہو۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ شوہر پورے واقعے کے دوران مکمل طور پر غیر متاثر دکھائی دیتا ہے، نہ کوئی ردعمل، نہ کوئی غصہ، نہ ہی بائیک روکنے کی کوشش، بس خاموشی سے بائیک چلاتا رہتا ہے جیسے کچھ ہوا ہی نہ ہو۔

معاملہ اس وقت مزید دلچسپ ہو جاتا ہے جب بیوی اسے ہر طرف سے مارنے لگتی ہے، سامنے سے، دائیں، بائیں، جبکہ دونوں ہی بغیر ہیلمٹ کے سفر کر رہے ہوتے ہیں، جس سے معاملے کی سنجیدگی اور خطرناک پہلو بھی اجاگر ہوتا ہے۔

یہ ویڈیو ایک راہگیر نے موبائل پر ریکارڈ کیا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ (سابقہ ٹوئٹر) پر شیئر کیا۔

ویڈیو کو اب تک 4 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے اور صارفین دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں، ایک صارف نے لکھا: ”ابھی مرد کرتا کلیش تو پبلک ہائپر ہو جاتی!“

دوسرے نے کہا: ”اگر بیوی کے ساتھ دھوکہ دیتے ہوئے پکڑے جانے کی شکل ہوتی تو یہی ہوتی‘‘، ایک اور صارف نے طنزیہ کہا: ’’ایک اور دن، شادی نہ کرنے کی ایک اور وجہ‘‘، جبکہ ایک اور نے مشورہ دیا: ”دیکھا آپ نے ہیلمٹ نہ لگانے کا نتیجہ!“

یہ ویڈیو جہاں ایک طرف ہنسی کا باعث بنی ہے، وہیں دوسری طرف سوشل میڈیا صارفین کیلئے سوچنے کا مقام بھی ہے کہ ازدواجی مسائل کو سڑکوں پر یوں ڈرامائی انداز میں لانا کس حد تک درست ہے۔