ٹاک ٹاکر کھابے لامے امریکا میں گرفتار، رضاکارانہ واپسی پر رہا

Published On 08 June,2025 01:53 pm

لاس ویگاس : (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا کی دنیا میں ایک لفظ کہے بغیر لوگوں کو ہنسانے والے کھابے لامے کو امریکا کے ہیرے ریڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی پر گرفتار کر لیا گیا۔

امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ نے تصدیق کی کہ اٹلی کے شہری 25 سالہ ٹک ٹاک سٹار کھابے لامے لاس ویگاس پہنچے تو امریکی امیگریشن حکام نے ان کے ویزا کی مدت سے تجاوز کی بنا پر انہیں حراست میں لے لیا، کھابے لامے ویزا کی شرائط کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے، تاہم اسی روز انہیں رضاکارانہ واپسی کی اجازت دے کر رہا کردیا گیا۔

واضح رہے کہ کھابے لامے کا تعلق سینیگال سے ہے مگر وہ کم عمری میں اٹلی منتقل ہوگئے تھے اور 2022 میں اطالوی شہریت حاصل کی، ان کی شہرت کا آغاز اُس وقت ہوا جب کرونا کے دوران انہیں فیکٹری کی نوکری سے ہاتھ دھونا پڑا، اسی فارغ وقت میں انہوں نے مزاحیہ ویڈیوز بنانا شروع کیں جن میں وہ بنا کچھ کہے پیچیدہ ویڈیوز کا مذاق اڑاتے اور سادہ حل دکھا کر لوگوں کو ہنسنے پر مجبور کردیتے۔

ٹک ٹاک پر کھابے لامے کے مداحوں کی تعداد 162 ملین سے بھی زیادہ ہے اور ان کا سادہ، خاموش اور مخصوص انداز دنیا بھر میں ان کی مقبولیت کا راز بن چکا ہے، وہ اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کے خیرسگالی سفیر بھی ہیں، فوربز کے مطابق انہوں نے محض ایک سال میں مختلف برانڈز اور مارکیٹنگ پروجیکٹس سے تقریباً 16.5 ملین ڈالر کمائے۔

فی الحال کھابے لامے کی طرف سے اس واقعے پر کوئی باقاعدہ ردعمل سامنے نہیں آیا لیکن سوشل میڈیا پر ان کے کروڑوں مداح بے چینی سے ان کے خیریت سے ہونے اور کسی وضاحت کے منتظر ہیں۔