ترکیہ کے قدیم شہر گورڈین سے 2800 سال پرانا شاہی مقبرہ دریافت

Published On 10 June,2025 02:27 pm

انقرہ : (ویب ڈیسک) ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ کے جنوب مغرب میں موجود تاریخی شہر گورڈین سے 2800 سال پرانا شاہی مقبرہ دریافت ہوا ہے۔

ترک وزارت سیاحت و ثقافت کے مطابق دریافت کیے گئے مقبرے سے ملنے والے نوادرات کی منفرد خصوصیات کی بنیاد پر یہ اندازہ لگایا ہے کہ مقبرے کے چیمبر میں دفن شخص مڈاس سے منسلک شاہی خاندان کا فرد ہو سکتا ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ ترکیہ کا قدیم شہر گورڈین فریجین سلطنت کا دارالحکومت تھا جو 1200 سے 675 قبل مسیح تک ترقی کی منازل طے کرتی رہی۔

آٹھویں صدی قبل مسیح کے دوران ابتدائی طور پر اس سلطنت پر گورڈیاس نامی ایک بادشاہ کی حکومت تھی اور گورڈیاس کے بعد اس کے بیٹے مڈاس نے اس سلطنت کا کنٹرول سنبھالا اور بعد ازاں فریجین سلطنت کا خاتمہ سکندر مقدونی نے کیا تھا۔