انسٹاگرام سے روکنے پر بیوی شوہر کے خلاف تھانے پہنچ گئی

Published On 06 July,2025 09:23 am

اترپردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں انسٹاگرام سے روکنے پر بیوی شوہر کے خلاف تھانے پہنچ گئی۔

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر نوئیڈا سے ایک عجیب و غریب واقعہ سامنے آیا ہے جہاں 30 سالہ خاتون نیشا نے اپنے شوہر وجندرا کے خلاف انسٹاگرام کے زیادہ استعمال سے روکنے پر پولیس تھانے میں شکایت درج کرائی ہے۔

نیشا نے پولیس کو بتایا کہ ان کا شوہر ان سے سوشل میڈیا پر وقت کم گزارنے اور گھریلو کاموں پر زیادہ توجہ دینے کا مطالبہ کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی شادی شدہ زندگی اب تک پرسکون تھی لیکن شوہر کے اس رویے نے ان کی سوشل میڈیا موجودگی کو بری طرح متاثر کیا ہے، وہ روزانہ کم از کم دو ریلز انسٹاگرام پر پوسٹ کرتی تھیں لیکن شوہر کی پابندیوں نے یہ کام تقریباً ناممکن کر دیا ہے۔

خاتون نے بتایا کہ جب ایک دن ان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد میں دو کی کمی ہوئی تو وہ شدید پریشان ہوئیں، اس کے نتیجے میں انہوں نے اپنا سسرال چھوڑ کر اپنے میکے کا رخ کیا اور وہاں سے قریبی تھانے میں جا کر شوہر کیخلاف شکایت درج کرائی۔

پولیس نے خاتون کی شکایت پر کارروائی شروع کر دی ہے۔