فلوریڈا: (ویب ڈیسک) امریکا میں نوجوان لڑکی اپنی حاضر دماغی کی وجہ سے مگرمچھ کے منہ سے زندہ نکل آئی۔
والٹن کاؤنٹی شیرف کے مطابق امریکا کی ریاست فلوریڈا میں 15 سالہ لڑکی سمر ہینوٹ پر 10 فٹ لمبے مگرمچھ نے حملہ کیا جوابی حملے کے بعد لڑکی زندہ بچ گئی، لڑکی کی ٹانگ پر مگرمچھ نے کاٹا اور پانی کے اندر لے گیا لیکن لڑکی نے ہمت نہیں ہاری اور مگرمچھ سے لڑتی رہی۔
ہینوٹ نے کہا کہ میں نے اسے سر میں اتنی زور سے مکے مارے کہ اس نے مجھے چھوڑ دیا لیکن چند لمحے کے بعد ہی دوبارہ پکڑ لیا۔
لڑکی کے مطابق جب دوسری بار مگرمچھ نے مجھے پکڑا اور پانی میں لے گیا تو میں نے اپنی ٹانگ کو ہلانا شروع کیا اور مگرمچھ سے آزاد ہو کر تیزی سے تیراکی کرنے لگی اور پانی سے باہر نکل آئی۔
اہلکاروں نے بتایا کہ لڑکی کی ٹانگ کو شدید چوٹیں آئی ہیں لیکن اسے کاٹنے کی ضرورت نہیں تھی اور اسے طبی امداد کی فراہمی جاری ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔