ٹورنٹو: (ویب ڈیسک) کینیڈا سے تعلق رکھنے والی معروف سوشل میڈیا کانٹینٹ کریئیٹر انیتا وِنگ لی نے اپنے 4 فٹ کے دوست ٹِموتھی موٹو سے شادی کر لی، ان کی منفرد اور دل کو چھو لینے والی محبت کی کہانی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ان دونوں کی ملاقات 2021ء میں مشترکہ دوستوں کے ذریعے ہوئی، انیتا نے اعتراف کیا کہ ابتدا میں ان کے درمیان کوئی رومانوی کشش نہیں تھی، انجینئر اور صاف پانی فراہم کرنے والی ایک فلاحی تنظیم کے شریک بانی ٹِم نے پہلے محبت کا اظہار کیا، مگر خاتون نے انہیں فرینڈ زون کر دیا۔
انیتا نے بتایا کہ میں نے کبھی اُنہیں اس نظر سے نہیں دیکھا تھا، ایک عام قد کی لڑکی جو 5 فٹ 4 انچ کی ہو کیسے ایک 4 فٹ کے مرد سے محبت کر سکتی ہے؟
تاہم وقت کے ساتھ ان کی دوستی گہری ہوتی گئی اور انیتا کے خیالات بدلنے لگے، انہیں آسٹریلوی موٹیویشنل سپیکر نِک وجِچچ کی کہانی یاد آئی، جو بغیر ہاتھوں اور پیروں کے پیدا ہوئے تھے اور ان کی بیوی کانائے نے ان سے ان کی شخصیت کی بنیاد پر محبت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سوچا کہ میں نے ہمیشہ ایک ایسے انسان کے لئے دعا کی تھی جو با کردار، بصیرت رکھنے والا اور مہربان ہو نہ کہ صرف قد کاٹھ والا، مجھے احساس ہوا کہ یہ سب خوبیاں ٹِم میں موجود ہیں۔
انیتا کا کہنا تھا کہ میں نے شروع میں ٹِم کی پیشکش ٹھکرا دی اور اپنی بہن کی مدد سے ’بس دوست ہی رہیں‘ والا پیغام بھی لکھ بھیجا، مگر فوراً ہی اس فیصلے پر پچھتاوا ہوا، مجھے لگا جیسے میں اُسے کھونا نہیں چاہتی، کیونکہ اصل اہمیت اُس انسان کی تھی جو میرے دل کو سمجھے اور ہر حال میں ساتھ دے۔
ستمبر 2024ء میں ان کی منگنی ہوئی اور رواں سال دونوں رشتۂ ازدواج میں بندھ گئے۔
ان کی سچی اور منفرد محبت نے ہزاروں لوگوں کے دلوں کو چھو لیا، انیتا اور ٹِم اب باقاعدگی سے اپنی کہانی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں، ان کے قد کے فرق کے باعث بہت سے لوگ ان کی تصاویر کو مصنوعی ذہانت (AI) کی تخلیق سمجھ بیٹھتے ہیں۔