ایڈاہو: (ویب ڈیسک) امریکی ریاست ایڈاہو میں دلہا دلہن نے اپنی شادی میں آنے والے مہمانوں کیلئے 1 ہزار ڈالر کا ٹکٹ رکھ دیا، جس میں 270 مہمانوں نے شرکت کی۔
سوشل میڈیا انفلوائنسر مارلی جیکس اور ان کے شوہر اسٹیو نے اپنی شادی کو یادگار بنانے کیلئے یہ انوکھا فیصلہ کیا، دونوں کی شادی پر تقریباً 50 ہزار ڈالر کا خرچہ آیا، جس کے بعد انہوں نے مہمانوں کیلئے ٹکٹ رکھنے کا فیصلہ کیا۔
دلہا دلہن کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ آمدنی کیلئے نہیں بلکہ ٹکٹ کی رقم کو تعلیم کیلئے کام کرنے والی ایک این جی او کو عطیہ کرنے کیلئے کیا۔
جیکس اور لارسن نے اپنی شادی کیلئے ٹکٹ فروخت کر کے 96 ہزار ڈالر کمائے، ایک اور ایونٹ میں انہوں نے 36 ہزار ڈالر اکٹھے کی اور تقریباً ایک لاکھ 32 ہزار ڈالر جمع کر کے این جی او کو دے دیئے۔
دلہن کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ تمام ڈالر جس تنظیم کو دیئے وہ افریقہ میں سکول کی تعمیر کیلئے کام کرتی ہے، شادی کیلئے ٹکٹ بیچنے کا آئیڈیا اپنے انسٹاگرام پر مذاق میں شیئر کیا تھا جو بعد میں لوگوں کی جانب سے رائے دینے کے بعد حقیقت بن گیا۔
انہوں نے کہا کہ میرا مقصد شادی سے منافع کمانا نہیں تھا بلکہ مہنگی شادیوں کی رسم کو ختم کرنا اور دنیا میں مثبت تبدیلی لانا تھا۔