51 برس قبل گم ہونے والا بٹوہ مالک کو واپس مل گیا

Published On 05 September,2025 09:27 pm

اوٹاوا: (ویب ڈیسک) اگر آپ کا بٹوہ یا والٹ گم ہو جائے تو چند دن بعد اس کے ملنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے مگر ایک شخص کے ساتھ جو ہوا وہ دنگ کر دینے والا ہے کیونکہ اس کا گمشدہ بٹوہ 51 سال بعد اسے واپس مل گیا۔

جی ہاں واقعی یہ حیرت انگیز واقعہ کینیڈا میں سامنے آیا جہاں ٹام اسکوف نامی فرد کا بٹوہ 1974 میں اونٹاریو کے اسٹونی کریک آرچڈ پارک سیکنڈری سکول میں گم ہوگیا تھا، اس وقت ٹام اسکوف کی عمر 17 سال تھی۔

26 اگست 2025 کو تعمیراتی ورکرز اس سکول کے ٹوائلٹ کو گرانے کا کام کر رہے تھے جب انہیں دیوار کے پیچھے چھپا یہ بٹوہ ملا، اس بٹوے میں ٹام اسکوف کا اسٹوڈنٹ کارڈ، ڈرائیور لائسنس، سوشل انشورنس کارڈ، خاندان اور دوستوں کی تصاویر، ایک ریل ٹرانزٹ پاس، ایک ہاکی گیم کا ٹکٹ اور دیگر سامان موجود تھا۔

سکول کی کیئر ٹیکر لورنا میک کوئن نے بتایا کہ  اس طرح کی کسی چیز کو دریافت کرنا اور اس میں موجود ان چیزوں کو دیکھنا جو میری پیدائش سے بھی پہلے کی تھی، بہت حیرت انگیز تجربہ تھا ، انہوں نے مزید بتایا کہ  ہم نے سوچا کہ ہمیں اس شخص کو ڈھونڈنا چاہیے اور یہ بٹوہ واپس کرنا چاہیے، 50 سال بعد بھی وہ اسے واپس لینا چاہتا ہوگا ۔

لورنا میک کوئن اور ان کی ٹیم ٹام اسکوف کو ڈھونڈنے میں کامیاب ہوئی، انہوں نے 67 سالہ شخص کو فیس بک کے ذریعے تلاش کیا۔

ٹام اسکوف نے بتایا کہ  پہلے تو مجھے لگا کہ یہ مذاق ہے، کیونکہ ان کا کہنا تھا کہ اس میں سوشل انشورنس کارڈ اور ایک برتھ سرٹیفکیٹ موجود ہے، میں نے سوچا کہ یہ تو میرے پاس پہلے سے موجود ہیں، پھر مجھے یاد آیا کہ نوجوانی میں مجھے انہیں دوبارہ بنوانا پڑا تھا، تو میں نے اسکول جانے کا فیصلہ کیا ۔

وہ اگست کے آخر میں اسکول گئے اور 5 دہائیوں پہلے گم ہونے والے بٹوے کو دیکھ کر حیران رہ گئے، درحقیقت انہیں تو یاد بھی نہیں تھا کہ ان کا بٹوہ کبھی گم ہوا تھا اور اس میں موجود چیزوں کو دیکھتے ہوئے ان کی نوجوانی کی یادیں تازہ ہوگئیں۔

انہوں نے بتایا کہ بٹوے میں موجود تصاویر میں سے ایک تصویر ان کے بچپن کے گھر کی تھی، جہاں ان کی والدہ اب بھی مقیم ہیں، انہوں نے یہ تصویر والدہ کو دکھائی جو بٹوے کے سامان کو دیکھ کر ہنسنے لگیں۔