موتیے کے پھول پہن کر جانے پر بھارتی اداکارہ کو آسٹریلیا میں جرمانہ

Published On 08 September,2025 11:44 am

سڈنی: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ نیویا نائر کو بالوں میں موتیے کے پھولوں کا گجرا سجا کر میلبرن پہنچنے پر جرمانے کا سامنا کرنا پڑ گیا۔

پاکستان اور بھارت میں عام طور پر خواتین بالوں میں موتیے کے پھول لگائے دیکھی جاتی ہیں تاہم دنیا میں کچھ ایسے ممالک بھی ہیں جہاں مویتے کے پھولوں کا استقبال نہیں کیا جاتا ہے جن میں سے ایک آسٹریلیا ہے۔

جب اداکارہ میلبرن ایئرپورٹ پر اتریں تو ان کے پاس موتیے کے پھولوں کا گجرا موجود تھا جس کا کسٹم حکام نے نوٹس لیا اور ان پر ایک لاکھ 14 ہزار انڈین روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق اداکارہ کے پاس 15 سینٹی میٹر لمبا گجرا موجود تھا۔

نیویا نائر نے بتایا کہ جب میں یہاں آئی تو اس وقت میرے پاس والد کی جانب سے دیے گئے موتیے کے پھول موجود تھے جو میں نے روانگی کے وقت بالوں میں لگائے جبکہ کچھ میرے ہینڈ بیگ میں تھے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ میں نے کچھ قانون کے خلاف نہیں کیا بلکہ مجھ سے انجانے میں غلطی ہوئی تاہم لاعلمی کوئی جواز نہیں ہوتی، حکام نے بتایا کہ آسٹریلوی قوانین کے مطابق جرمانے کی رقم 28 روز میں جمع کرانا لازم ہے۔

آسٹریلیا میں پودوں اور پھولوں کے حوالے سے سخت قوانین موجود ہیں، جن کے تحت بیج، پودے اور بعض پھول ڈونٹ برینگ کیٹگری میں آتے ہیں اور کوئی ان کو لے جانا چاہتا ہے تو اس کے لیے پیشگی اجازت لینا پڑتی ہے۔

اس کی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ چونکہ آسٹریلیا ایک منفرد ماحولیاتی نظام رکھتا ہے اس لیے خیال کیا جاتا ہے کہ پودے یا پھول لانے سے ان کے ساتھ کوئی بیماری، جراثیم یا کیڑے مکوڑے آ سکتے ہیں جو ملک میں موجود زرعی اجناس کے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ بیج بھی صرف وہی ملک میں لانے کی اجازت ہے جن کے ساتھ کوئی مٹی وغیرہ نہ لگی ہو اور بالکل صاف ہوں۔