شوا باخ :(دنیا نیوز) جرمنی کی ریاست باویریا کے شہر شوا باخ (Schwabach) میں ایک اپارٹمنٹ کی رہائشی عمارت میں رات گئے بار بار دروازے کی گھنٹیاں بجنے پر مقامی افراد نے پولیس کو اطلاع دی۔
مکینوں کا خیال تھا کہ کوئی شرارتی نوجوان ڈنگ ڈانگ ڈچ کھیلتے ہوئے گھنٹیاں بجا کر فرار ہورہا ہے۔
رہائشیوں نے بتایا کہ گھنٹی بجنے پر باہر لگے موشن سینسر کیمروں میں کوئی حرکت نظر نہیں آرہی تھی جس پر ان کی تشویش مزید بڑھ گئی، انہیں خدشہ تھا کہ کوئی نہ کوئی چالاک طریقے سے شرارت کر رہا ہے۔
پولیس موقع پر پہنچی اور مکمل معائنے کے بعد اصل حقیقت سامنے آئی، دراصل گھنٹیاں بجانے والا کوئی انسان نہیں بلکہ ایک گھونگا تھا جو آہستہ آہستہ گھنٹیوں کے پینل پر رینگ رہا تھا۔
گھونگے کا چپچپا نشان بھی واضح طور پر دیکھا گیا جس سے گھنٹی کے سینسر بار بار متحرک ہورہے تھے۔
ایک رہائشی ڈومینک نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ہماری نیم پلیٹ پر گھونگا بیٹھا ہوا تھا، اس کی رینگنے سے بننے والی لکیریں صاف نظر آرہی تھیں اور اسی وجہ سے کئی گھنٹیاں بجتی رہیں۔
پولیس نے گھونگے کو احتیاط سے ہٹا کر قریبی سبزہ زار میں چھوڑ دیا اور مزاحیہ انداز میں اسے ’وارننگ‘ دے کر رہا کردیا۔