ڈاکٹرز نے بچے کے معدے سے بال اور جوتے کا تسمہ نکال لیا

Published On 24 September,2025 09:14 am

احمد آباد: (ویب ڈیسک) بھارت میں ڈاکٹرز نے کامیاب آپریشن کے بعد بچے کے معدے سے بال اور جوتے کا تسمہ نکال لیا۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا، جہاں ڈاکٹروں نے سات سالہ بچے کے معدے اور آنتوں سے بالوں کا گچھا، گھاس اور جوتے کا فیتہ کامیابی کے ساتھ نکال لیا۔

مدھیہ پردیش کے ضلع رتلام سے تعلق رکھنے والے شبھم کو دو ماہ سے پیٹ میں درد، قے اور وزن میں کمی کی شکایت تھی، مدھیہ پردیش کے ایک نجی ہسپتال میں علاج کے باوجود افاقہ نہ ہونے پر اسے سول ہسپتال احمد آباد منتقل کیا گیا۔

سول ہسپتال میں شبھم کا سی ٹی سکین اور اینڈوسکوپی کی گئی، جس میں معدے اور آنتوں میں غیر معمولی گچھے کی موجودگی کا انکشاف ہوا، آپریشن کے دوران ڈاکٹروں کی ٹیم نے ایک پیچیدہ لیپروٹومی کے ذریعے بالوں کا گچھا اور جوتے کا فیتہ کامیابی سے نکال دیا۔

سول ہسپتال احمد آباد کے ڈاکٹر کے مطابق سرجری کے ساتویں دن کئے گئے ڈائی ٹیسٹ سے یہ تصدیق ہوئی کہ بچے کے معدے میں کوئی مواد باقی نہیں رہا۔

انہوں نے بتایا کہ بچے کو ماہرِ نفسیات کی جانب سے مشاورت بھی دی گئی تاکہ وہ آئندہ ایسی چیزیں نگلنے سے باز رہے، شبھم کی طبیعت اب بہتر ہے اور اسے گھر بھیج دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر نے مزید کہا کہ بچے کو ٹریچوبیزوآر نامی ایک نایاب بیماری تھی، جس میں نگلے گئے بال معدے میں اکٹھے ہو کر سخت گولا بنا دیتے ہیں، اس بیماری کی علامات میں پیٹ کا درد یا پھولنا، متلی یا قے، بھوک میں کمی، وزن میں کمی اور قبض شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق اس بیماری کی شرح صرف 0.3 سے 0.5 فیصد تک ہے، انہوں نے والدین کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کی غیر معمولی عادات پر نظر رکھیں تاکہ زندگی کیلئے خطرناک ثابت ہونے والی ایسی کیفیت سے بچا جا سکے۔