کڈنی بیچ کر آئی فون خریدنے والا شخص ڈائیلاسز پر آگیا

Published On 17 October,2025 08:42 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین میں اپنی کڈنی بیچ کر آئی فون خریدنے والا شخص ڈائیلاسز پر آگیا۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین کے انہوئی صوبے سے تعلق رکھنے والا شخص اب اپنے فیصلے پر پچھتا رہا ہے جو اس نے نوعمری میں کیا تھا، صرف اس لئے کہ اسے آئی فون چاہیے تھا۔

2011 میں وانگ شانگ کن کی عمر 17 برس تھی اور اس کا تعلق غریب گھرانے سے تعلق لیکن وہ آئی فون 4 خریدنے کا خواہشمند تھا، آن لائن پوسٹس پڑھنے کے بعد اس نے غیرقانونی سرجری میں اپنی ایک کڈنی بیچنے پر رضامندی ظاہر کی۔

آپریشن کے بعد اسے 20 ہزار یوآن دیئے گئے، اس رقم سے اس نے اپنے لئے آئی فون 4 اور آئی پیڈ 2 خریدا لیکن جلد ہی اس کی طبیعت خراب ہونے لگی اور اسے شدید انفیکشن ہوگیا جس کے باعث اس کا دوسرا گردہ بھی کمزور ہونا شروع ہوا۔

والدہ نے مہنگے فون کو دیکھ کر سوال کیا تو وانگ نے سچائی بتائی جسے جان کر وہ حیران رہ گئیں۔

بالآخر حکام نے غیرقانونی سرجریوں کو چلانے والے گروہ کو پکڑ لیا اور وانگ کو بطور معاوضہ 1.48 ملین یوآن دیئے گئے۔

رپورٹ کے مطابق 14 سال بعد وانگ کی کڈنی صرف 25 فیصد کام کر رہی ہے اور اسے ساری زندگی ڈائیلاسز پر رہنا پڑے گا، اب وہ آئی فون کے لئے کڈنی فروخت کرنے پر افسردہ ہے۔