اترپردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں موٹر سائیکل پر چھ بچوں کو بٹھانے والے شہری کو 7 ہزار روپے (22 ہزار 269 پاکستانی روپے) کا چالان کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت کی ریاست اترپردیش کے ضلع ہاپوڑ کے علاقے گڑھ مکتیشور میں ٹریفک پولیس معمول کی چیکنگ کر رہی تھی کہ ایک شخص کو 6 بچوں کو موٹر سائیکل پر لے جاتا دیکھ کر ٹریفک پولیس اہلکار دنگ رہ گئے اور اس سے ہاتھ جوڑ کر 7 ہزار روپے کا چالان کر دیا۔
ٹریفک اہلکار کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ہاتھ جوڑے کھڑا ہے۔

پولیس نے کہا کہ موٹر سائیکل سوار نے اپنی اور بچوں کی حفاظت کو مکمل طور پر نظر انداز کیا تھا، جواب میں افسران نے متعدد ٹریفک خلاف ورزیوں پر 7000 روپے کا چالان جاری کیا۔
تصویر میں ٹریفک پولیس اہلکار بائیکر کے سامنے ہاتھ جوڑ کر کھڑا ہے اس کا مقصد عوامی بیداری اور سڑک کی حفاظت کی اپیل کے طور پر تھا۔
ٹریفک پولیس حکام نے یہ بھی کہا کہ یہ اشارہ شہریوں سے ٹریفک قوانین پر عمل کرنے اور جانوں کو خطرے میں ڈالنے سے بچنے کی درخواست کی علامت ہے، ایک افسر نے کہا کہ اپنے بچوں کے ساتھ ساتھ اپنی حفاظت کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔



