مقبوضہ بیت المقدس: (دنیا نیوز) چوری، اوپر سے سینہ زوری، اسرائیل نے اقوام متحدہ کا غزہ میں قتل عام کی تحقیقات کا مطالبہ مسترد کر دیا۔ اسرائیلی وزیرِ دفاع کا کہنا ہے کہ فوجی اہلکاروں نے جو کیا اچھا کیا، وہ میڈل کے مستحق ہیں۔
17 فلسطینوں کے قتل کے بعد بھی نہ کوئی ندامت اور نہ ہی افسوس، اسرائیل نے اقوام متحدہ کا غزہ میں درندگی کی تحقیقات کا مطالبہ مسترد کر دیا۔ فلسطین میں لاشوں پر لاشے اٹھتے رہے لیکن اسرائیلی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ فوج نے جو کیا صحیح کیا۔ انہوں نے تحقیقات کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فوجی اہلکار میڈل کے مستحق ہیں۔
یورپی یونین، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور اسرائیلی اپوزیشن جماعت نے بھی غزہ کی پٹی میں اسرائیلی دہشت گردی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ ادھر ٹرمپ انتظامیہ بھی صیہونی طاقتوں کی پشت پناہی پر ڈٹ گئی۔ امریکا نے سلامتی کونسل میں غزہ واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ رد کر دیا ہے۔