بد عنوانی کا جرم، جنوبی کوریا کی سابق صدر کو 24 سال قید کی سزا

Last Updated On 06 April,2018 04:57 pm

سیول: (دنیا نیوز) جنوبی کوریا کی پہلی خاتون صدر پارک گیون ہائی کو بد عنوانی کے جرم پر 24 برس قید کی سزا سنا دی گئی۔

دارالحکومت سیول کی ڈسٹرکٹ کورٹ کے تین رکنی بنچ نے سابق صدر پارک کو سزا سنائی۔ عدالت کا کہنا تھا پارک پر رشوت ستانی، سرکاری حیثیت کا ناجائز استعمال اور سرکاری راز افشا کرنے کا جرم ثابت ہو گیا ہے۔

یاد رہے کہ سابق صدر نے اپنی دوست چوئی سون سل کی مدد سے کوریائی کمپنیوں کے گروپ پر دباؤ ڈالا اور رشوت لی تھی۔ سابق صدر پارک کا گزشتہ برس بد عنوانی کے الزامات پر پارلیمنٹ نے مواخذہ کیا تھا۔

بدعنوانی کے اس مقدمے میں ان کی دوست چوئی سون سل کو 20 برس جبکہ سام سنگ کمپنی کے نائب چیئرمین جے وائی لی کو ڈھائی برس قید کی سزا دی گئی ہے۔