ٹرمپ کی شمالی کوریا سے اعلی سطحی مذاکرات کی تصدیق، اقدام خوش آئند قرار

Last Updated On 18 April,2018 11:32 am

فلوریڈا: (دنیا نیوز) شمالی کوریا اور امریکا کےد رمیان برف پگھلنے لگی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا سے اعلیٰ ترین سطح پر براہ راست بات چیت کا آغاز ہوگیا۔ سی آئی اے کے سربراہ نے کم جانگ ان سے ملاقات کی ہے۔

امریکا اور شمالی کوریا میں لفظی جنگ کے بعد مذاکرات کا آغاز ہوگیا۔ جاپانی وزیراعظم شنزوابے سے ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا اور امریکا کے حکام کی براہ راست بات چیت ہوئی ہے تا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان تاریخی ملاقات کے بارے میں معاملات طے کئے جا سکیں۔

صدر ٹرمپ کے مطابق یہ ملاقات جون کی ابتدا یا اس سے کچھ دیر پہلے ہو سکتی ہے۔ امریکی اخبار کے مطابق امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ مائک پومپیو نے ایسٹر کے موقعے پر شمالی کوریا کا خفیہ دورہ کیا تھا جہاں ان کی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے ملاقات ہوئی۔ جاپانی وزیراعظم شِنزوابے نےامریکی اور شمالی کوریا کے رہنماؤں کی متوقع ملاقات کو سراہا ہے۔