شام: دوما میں بدستور حالات کشیدہ، کیمیائی ہتھیاروں کی روک تھام کی تنظیم کام شروع نہ کر سکی

Last Updated On 18 April,2018 04:49 pm

دمشق: (دنیا نیوز) شام کے علاقے دوما میں نا معلوم افراد کی فائرنگ سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تفتیش کرنے والی تنظیم او پی سی ڈبلیو کام نہ شروع کر سکی۔

ذرائع کے مطابق آج او پی سی ڈبلیو کی ٹیم کو دوما جانا تھا لیکن نامعلوم افراد کی فائرنگ کے باعث کام میں تاخیر کی گئی ہے۔ ذرائع نے یہ نہیں بتایا کہ فائرنگ کب اور کہاں کی گئی۔ او پی سی ڈبلیو کی ٹیم گزشتہ ہفتے شام پہنچ تھی۔ شام اور روس کی جانب سے اسے دوما جانے کی اجازت دی گئی تھی۔ شامی حکومت کی جانب سے سات اپریل کو دوما پر مبینہ کیمیائی ہتھیاروں کے حملے کے بعد امریکا،برطانیہ اور فرانس نے شام پر حملہ کر دیا۔ شام اور روس کیمیائی حملے کی تردید کرتے ہیں۔